ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، وکیل فیصل چوہدری

August 16, 2022

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا۔

اسلام آباد کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جس دن ریمانڈ مسترد ہوا تب میڈیا نے دیکھا کس طرح میرے موکل پر تشدد ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل پر تشدد اسلام آباد میں ہوا، یہ تفتیش نہیں کرنا چاہتے بلکہ تشدد کرنا چاہتے ہیں،ایسا کرنے کا ان کا کچھ اور ہی مقصد ہے۔

شہباز گل کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا، پاکستان کی تاریخ بہت بھیانک ہے، ذوالفقار علی بھٹو کا کیس دیکھ لیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے لیے ہم اپنے سارے آئینی اختیار استعمال کریں گے، کچھ چیزیں عدالت میں کہنی ہیں وہ یہاں نہیں کہہ سکتا۔