• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل پر برہنہ تشدد، عمران خان کو ان کے اپنے ہی وزير نے جھٹلادیا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو اُن کے اپنے ہی وزیر نے جھٹلادیا۔

وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ہاشم ڈوگر نے کہا کہ شہباز گل بالکل ٹھیک ہیں، انہیں برہنہ کرکے تشدد کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے ملوں گا تو انہیں شہباز گل کی صحت کے بارے میں تفصیل سے بتاؤں گا۔

وزیر داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ شہباز گل وفاق کا کیس ہے، وہ وفاق کے ملزم ہیں، اڈیالہ جیل صرف اس کی کسٹوڈین ہے، جیل ان کی قید نہیں بڑھا سکتی نہ کم کرسکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز گل سے کافی لوگوں نے ملاقات کی ہے، وہ بالکل خیریت سے ہیں۔

ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 40 سے زائد جیل ہیں، جیل میں سیکیورٹی اور کھانے کا اچھا انتظام ہے، پنجاب پولیس کے برابر جیل خانہ جات کی تنخواہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو میرے گھر کے دروازے توڑے گئے، فیصل آباد میں نہتی خاتون پر اسلحہ تاننے والے پولیس افسر کو نوکری سے نکالا۔

یاد رہے کہ عمران خان نے گذشتہ روز ایک انٹرویو میں الزام لگایا تھا کہ شہباز گل کو جیل میں برہنہ کرکے ان پر تشدد کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید