دوسرا ون ڈے: پاکستان باآسانی 7 وکٹوں سے کامیاب، سیریز بھی جیت لی

August 18, 2022

فوٹو بشکریہ پی سی بی / ٹوئٹر

پاکستان نے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے دیا گیا 187 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 34ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

نوجوان بیٹر آغا سلمان نے اننگز کی آخری گیند پر چھکا مار کر نہ صرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

قومی ٹیم کے نمایاں بلے باز محمد رضوان رہے جنہوں نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے اور 57 رنز بنائے۔

اس سے قبلپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز 186 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی، باس ڈے لیڈے 89 رنز کی قابلِ ذکر اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

روٹرڈیم میں کھیلی جانے والے سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

نیدرلینڈز کو ابتدا میں ہی بڑے نقصان سے گزرنا پڑا جب وہ 8 رنز پر 3 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔

تاہم ٹام کوپر اور باس ڈے لیڈے کے درمیان ہونے والی 109 رنز کی پارٹنرشپ نے نیدرلینڈز کو سکون مہیا کیا۔

دوسری جانب پاکستانی بولرز نے ایک مرتبہ پھر کم بیک کرتے ہوئے 166 پر نیدلینڈز کی 9 وکٹیں سمیٹ دیں، لیکن آخری وکٹ پر باس ڈے لیڈے نے 20 رنز جوڑ کر اسکور 186 تک پہنچایا جہاں وہ 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 3، 3 وکٹیں لیں جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، محمد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی بولر محمد نواز کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

روٹرڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان کی قیادت بابر اعظم نے کی، جبکہ نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان اور سلمان علی آغا پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

اس علاوہ خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ بھی ٹیم میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کافی دلچسپ رہا جہاں 315 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدلینڈز کو صرف 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔