خسرو بختیار نااہلی کیس: سپریم کورٹ میں رجسٹرار آفس اعتراضات کیخلاف اپیل منظور

August 18, 2022

سپریم کورٹ نے مخدوم خسرو بختیار کی نااہلی کے لیے دائر چیمبر اپیل کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا،رجسٹرار آفس اعتراضات کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ رجسٹرار کے پاس درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہدرخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ صرف عدالتی اختیارات کے تحت ہی ہوسکتا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ان چیمبر اپیل کا حکم نامہ تحریر کیا

حکم نامے کے متن کے مطابق موجودہ کیس میں رجسٹرار نے 63 اے(5) کے تحت دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔

قواعد کے مطابق رجسٹرار صرف غیر سنجیدہ درخواست کو ہی ناقابل سماعت قرار دے سکتا ہے.

سپریم کورٹ نے کہا کہ بادی النظر میں غیر آئینی، غیر قانونی درخواست کے ناقابل سماعت ہونے کا فیصلہ بھی عدالت ہی کرے گی۔

سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس اعتراضات کے خلاف اپیل منظور کرلی، درخواست کو گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔