وزیراعظم شہباز شریف کا تاجروں ، عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان

August 23, 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے فکسڈ ٹیکس سے پریشان تاجروں اور بجلی بل پر فیول ایڈجسٹمنٹ سے پریشان عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا۔

قطر میں پاکستانی عوام سے گفتگو کےد وران شہباز شریف نے تاجروں پر عائد فکسڈ ٹیکس اور 1 کروڑ 71 لاکھ بجلی صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہے،پرامید ہیں کہ آئندہ دنوں میں مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ پچھلی حکومت کی بدترین پرفارمنس سے ملک دیوالیہ تک پہنچ چکا تھا،ہماری دن رات کوشش ہے کہ ملک میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں۔

اُن کا کہنا تھاکہ اعتراف کرتا ہوں کہ مہنگائی کم کرنے میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی ہے،تاجروں کا فکسڈ ٹیکس ہماری منشا کےخلاف لگایا گیا، اس حوالے سے کمیٹی قائم کردی ہے جو ذمے داروں کا تعین کرے گی۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ چھوٹے تاجروں کو مشکل میں نہیں ڈال سکتے، تاجروں پر بجٹ میں لگائے گئے فکسڈ ٹیکس کو ختم کیا جاچکا ہے، اس سے پیدا ہونے والے 42 ارب روپے کے خلا کو دوسرے ذرائع سے پُر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس کا مقصد تھا کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی چیرہ دستیوں سے تاجروں کو بچایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے 3 کروڑ صارفین ہیں، جن میں سے 1 کروڑ 71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے۔

اُن کا کہنا تھاکہ تیل مہنگا منگواتے ہیں تو اگلے ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کیاجاتاہے،جولائی اور اگست کے مہینے فیول ایڈجسٹمنٹ میں خاصہ اضافہ ہوا،اس معاملے پر ہم 4،5 روز سے ورکنگ کررہے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 1 کروڑ 30لاکھ کھاتے پیتے صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ استقامت اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، خلوص نیت کے ساتھ محنت کرنا ہوگی، میرا دل گواہی دیتا ہے اچھے دن آئیں گے، ماضی میں رونے دھونے سے کوئی فائدہ نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیوب ویل والے زرعی صافین کو بھی فیول ایڈجسٹمنٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا، خرم دستگیرکل پریس کانفرنس میں ایف اےسی کاطریقہ کار بتائیں گے۔