• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلی کاپٹر کیس: چیئرمین نیب نے پی اے سی کو ریکوری کی تفصیلات بتادیں

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے سے پہلے 166 گھنٹے خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا، پی ٹی آئی چیئرمین سے تقریباً 35 کروڑ روپے کی ریکوری کرنی ہے۔

چیئرمین نیب نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ( پی اے سی ) اجلاس میں بریفنگ دی اور بتایا کہ عمران خان نے جس وقت خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا ، وہ اُس وقت وزیراعظم نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کیس میں عمران خان سے 34 کروڑ 70 لاکھ کی ریکوری بنتی ہے، جو فی الحال وصول کرنے ہیں۔

اس دوران پی اے سی نے نیب کو ہیلی کاپٹر کیس میں ریکوری کےلیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

پی اے سی نے چیئرمین نیب کو ہدایت کی کہ عمران خان اور دیگر سے ریکوری کےلیے ای سی پی کو خط لکھا جائے۔

چیئرمین آفتاب سلطان نے اجلاس کو پشاور بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن سے متعلق بھی نیب تحقیقات پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی میں 32 ارب 86 کروڑ کے نقصان کو 26 ارب کا منافع ظاہر کیا گیا، نیب تحقیقات چل رہی تھیں کہ پشاور ہائی کورٹ نے اسٹے دے دیا۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ دستاویز کے مطابق بی آر ٹی منصوبے کی لاگت 49 ارب سے بڑھ کر69 ارب روپے ہوگئی جبکہ کنٹریکٹ کے ایوارڈ کے دوران بے ضابطگیاں پائی گئیں۔

دوسری طرف چیئرمین پی اے سی نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ڈیم فنڈ کے اخراجات پر بریفنگ مانگ لی۔

نور عالم خان نے کہا کہ اگرضروری ہو تو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو بھی طلب کیا جائے، وہ پی اے سی بتائیں کہ ڈیم فنڈ کے پیسے کہاں خرچ ہوئے؟

دوران چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق ڈیم فنڈ میں 9 ارب روپے جمع ہوئے جبکہ اس کی تشہیری مہم پر 14 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

قومی خبریں سے مزید