ملک میں مہنگائی 47 سال کی بلند ترین سطح پر ہے: مفتاح اسماعیل

September 04, 2022

مفتاح اسماعیل—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ مہنگائی ملکی تاریخ میں 47 سال کی بلند ترین سطح پر چل رہی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ رواں مالی سال میں معیشت کی شرح نمو 3.5 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی اپنے عروج کے قریب ہے، جو رواں مالی سال اوسطاً 15 فیصد رہے گی، ملک میں درآمدی ادائیگیوں کو ڈالر کی آمد کے برابر ہونا چاہیے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگر میرے پاس ڈالر محدود ہیں تو میں اس سے گندم اور کھانے کی چیزیں خریدوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتِ حال میں ہم لگژری آئٹمز کی خریداری کو مؤخر کر سکتے ہیں، لگژری آئٹمز کی درآمدات پر پابندیاں 3 ماہ سے زیادہ عرصے تک برقرار رہ سکتی ہیں۔

وفاقی وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنے وسائل میں رہ کر گزارا کرے، ایک سال میں کچھ نہیں ہو سکتا لیکن ہم اس کی شروعات کر سکتے ہیں۔