دادو: گرڈ اسٹیشن بچانے کیلئے پاک فوج نے 36 گھنٹے میں ڈھائی کلو میٹر طویل بند باندھ دیا

September 12, 2022

سندھ کے ضلع دادو میں بجلی کے گرڈ اسٹیشن کو بچانے کے لیے پاک فوج نے 36 گھنٹوں کی ہنگامی کارروائی کے دوران ڈھائی کلو میٹر طویل مضبوط بند بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلع دادو میں سیلاب کے باعث بجلی کے گرڈ اسٹیشن کے پانی میں ڈوبنے کا خطرہ تھا۔

گرڈ اسٹیشن کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے پاک فوج کی جانب سے سول انتظامیہ، رینجرز اور مقامی افراد کی مدد سے بند بنایا گیا ہے۔

بند بنانے کا مقصد بجلی کے گِرڈ اسٹیشن کو سیلابی پانی سے بچانا ہے۔

دادو کے سب سے اہم بجلی فراہم کرنے والے گرڈ اسٹیشن کو انتہائی محنت اور کاوش کے بعد محفوظ بنا دیا گیا ہے۔

پاک فوج کی جانب سے 2.4 کلو میٹر پر مشتمل بند کو ہنگامی بنیادوں پر صرف 36 گھنٹوں میں بنایا گیا ہے۔

پاک فوج کے ذرائع کے مطابق بند بننے کے بعد اب دادو گرڈ اسٹیشن کو سیلابی پانی سے خطرہ نہیں ہے۔