جناح اسپتال میں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش

September 15, 2022

بشکریہ ٹوئٹر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی رہائشی خاتون نے جناح اسپتال کراچی میں 6 بچوں کو جنم دیا ہے جن میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

ایک بیٹا مردہ حالت میں پیدا ہوا جبکہ باقی بچوں کو قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے انکیوبیٹرز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

جناح اسپتال کے شعبہ امراض زچہ و بچہ کی ڈاکٹر عائشہ وارث نے بچوں کی زچگی کی۔

25 سالہ خاتون حنا ناظم کالا پل کی رہائشی ہیں جن کی پہلے بھی ایک اولاد ہے۔

ڈاکٹر عائشہ وارث کے مطابق خاتون جناح اسپتال کی گائنی وارڈ میں چیک اپ کے لیے آتی تھیں۔

گزشتہ رات خاتون نے 6 جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے جن میں سے ایک بچہ مردہ حالت میں پیدا ہوا ہے اور پانچ بچے زندہ ہیں۔

بچے نارمل ڈلیوری کے ذریعے پیدا ہوئے ہیں، ان بچوں میں سے تین بیٹے اور دو بیٹیاں زندہ ہیں۔ بچوں کو قومی ادارہ صحت برائے اطفال شفٹ کردیا ہے جہاں انہیں انکیوبیٹرز میں رکھا گیا ہے۔

خاتون حنا ناظم ایک ساتھ 6 بچوں کی پیدائش پر بہت خوش ہیں، انہوں نے اپنے پیغام میں 6 بچوں کی پیدائش پر اللّٰہ کا شکر ادا کیا ہے اور جناح اسپتال کا شکریہ ادا کیا ہے۔