ارسلان نصیر نے نجی معاملات پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

September 22, 2022

ارسلان نصیر، فائل فوٹو

معروف پاکستانی اداکار و یوٹیوبر ارسلان نصیر نے شوبز انڈسٹری سے حال ہی میں سامنے آنے والے تنازعات پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

ارسلان نصیر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کسی کا بھی نام لیے بغیر گلوکارہ آئمہ بیگ پر شہباز شگری کو دھوکا دینے کے الزامات اور فیروز خان کی اہلیہ سیدہ علیزے سے طلاق کے معاملے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’لڑکی لڑکے کو ایکسپوز کررہی ہے، لڑکے کے دوست لڑکی کو ایکسپوز کررہے ہیں، بیوی شوہر کو ایکسپوز کر رہی ہے اور شوہر کے دوست بیوی کو، اور ہم سب لوگ بیٹھ مزے لے رہے ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ دوسروں کے پردے قائم رکھو تاکہ اللّٰہ تمہارے پردے قائم رکھے‘۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر گلوکارہ آئمہ بیگ کو اپنے منگیتر شہباز شگری کو دھوکا دینے کے الزام میں اور گزشتہ روز فیروز خان اور سیدہ علیزے کے درمیان طلاق کی خبر سامنے آنے کے بعد سے اداکار کو اپنی سابقہ اہلیہ پر تشدد کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔