صحافی ایاز امیر کے بیٹے نے بیوی کو قتل کر دیا

September 23, 2022

—فائل فوٹو

اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کی بہو کو قتل کر دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے اپنی بیوی سارہ کو گھر میں قتل کیا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے، جو بھی حقائق سامنے آئے وہ شیئر کیے جائیں گے۔

مقتولہ سارہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی جگہ کا فارنزک مکمل کر لیا گیا ہے۔

ایسا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے: ایاز امیر

دوسری جانب سینئر صحافی ایاز امیر نے واقعے کے حوالے سے شہزاد ٹاؤن فارم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے، یہ صدمہ کسی کو اٹھانا نہ پڑے۔

صحافی نے سوال کیا کہ ایسا کہا جا رہا ہے کہ شاہ نواز نشے میں تھا؟

ایاز امیر نے جواب دیا کہ قانونی معاملہ ہے،اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں؟