اظفر رحمٰن نے مداحوں کو مایوس کر کے ان کے دل کیسے جیتے؟

September 24, 2022

اضفر رحمٰن، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اظفر رحمٰن نے سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایوارڈ شو میں شرکت کرنے سے معذرت کرکے اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔

اظفر رحمٰن نے اپنی انسٹااسٹوری پر اپنے مداحوں کو یہ اطلاع دی ہے کہ وہ اس سال ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کریں گے۔

اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’میں نے ملک میں آئے سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیشِ نظر اپنی مرضی سے ایوارڈ شو میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں ٹورنٹو میں موجود اپنے مداحوں کو مایوس کرنے پر معذرت خواہ ہوں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میں اس سال ایوارڈ شو میں شرکت نہیں کروں گا، حالانکہ میں ایوارڈ منفی کردار ادا کرنے کے لیے بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نامزد بھی ہوں‘۔

اظفر رحمٰن نے لکھا کہ’میں سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے کھڑا ہوں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ’ایوارڈ شو کی انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ میرے ٹکٹ اور رہائش کے اخراجات کو سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے عطیہ کر دیں‘۔

اداکار کے اس فیصلے کو مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر خوب سراہا جارہا ہے۔