قلندرز نے پی ایس ایل ٹرافی پبلک کردی، تصاویر لینے کیلئے فلڈ ریلیف فنڈ میں امداد دینا لازمی

September 24, 2022

سیلاب متاثرین کی مدد کےلیے قائم اخوت فاؤنڈیشن کے فلڈ ریلیف کیمپ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی، ٹرافی کے ساتھ جو شہری تصویر لے گا وہ 100 یا اس سے زائد روپے سیلاب ریلیف فنڈ میں جمع کروائے گا۔

لاہور کے لبرٹی چوک پر اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کیمپ لگایا گیا ہے اور اسی سلسلے میں فنڈ ریزنگ کے لیے لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف نے پی ایس ایل سیون کی ٹرافی کو پبلک کردیا۔

کوئی بھی شہری آئے ٹرافی کے ساتھ سیلفی یا تصویر بنوائے اور 100 یا اس سے زائد کی امداد دے کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔

اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل کر اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

شہریوں نے جہاں پی ایس ایل سیون کی ٹرافی کے ساتھ دل کھول کر تصاویر بنوائیں وہیں سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھی کی۔