سلمان خان بگ باس 16 کے نئے پرومو میں موگمبو بن گئے

September 25, 2022

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے بگ باس 16 کے نئے پرومو میں بالی ووڈ کے مشہور ولنز (فلموں میں منفی کردار ادا کرنے والے) کو چیلنج کرتے ہوئے کنٹسٹنٹ کو شو کے 16ویں سیزن کے حوالے سے خبردار کردیا۔

اتوار کو ریلیز ہونے والے اس پرومو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ سیزن مختلف ہوگا کیونکہ اس میں بگ باس خود بھی گیم میں حصہ لے گا۔

واضح رہے کہ اس پرومو کے دوران سلمان خان 1987 کی مشہور فلم مسٹر انڈیا کے موگمبو بن گئے تھے اور انہوں نے موگمبو جیسی مخصوص گولڈن ڈیٹلینگ والی جیکٹ پہن رکھی تھی جبکہ وہ ایک کرسٹل بالز سے بنے تخت پر اسی طرح بیٹھے تھے جس طرح اس فلم کے ولن نے اسے استعمال کیا تھا۔

موگمبو کا کردار بالی ووڈ کے مشہور اداکار امریش پوری نے کیا تھا اور اس فلم میں ان کا ایک معروف جملہ ’موگمبو خوش ہوا‘ اب بھی بےحد مقبول ہے۔

لیکن سلمان خان کا اپنے پرومو میں کہنا تھا کہ اب موگمبو کبھی خوش نہیں ہوگا کیونکہ اب سب کو بگ باس سے ڈر لگے گا، بگ باس 16 گیم بدلے گا کیونکہ بگ باس اب خود کھیلے گا۔

ہفتے کو ریلیز ہونے والے پرومو میں سلمان خان نے فلم شعلے کے آئیکونک ولن گبر سنگھ اور اس سے قبل فلم اگنی پتھ کے کنچا چینا کا انداز اپناتے ہوئے مخصوص ڈائیلاگ ادا کیے۔

بگ باس 16 یکم اکتوبر کی شب ساڑھے نو بجے پریمیئر ہوگا، گو کہ اس کے کنٹسٹنٹ کے ناموں کا تو ابھی اعلان نہیں ہوا لیکن اس حوالے سے جو اطلاعات ہیں ان میں شیوین نارنگ، ویوین ڈسینا، منور فاروقی اور ارجن بجلانی شامل ہیں۔