ویتنامی خاتون کا 41 سال سے صرف لیموں پانی پی کر زندہ رہنے کا دعویٰ

September 26, 2022

ایک ویتنامی خاتون کا دعویٰ ہے کہ اس نے گزشتہ 41 برس سے ٹھوس غذا کھانا چھوڑ رکھا ہے اور وہ صرف پانی پی کر زندہ ہے اس کے مطابق وہ پانی میں تھوڑی سی نمک، چینی اور لیموں کا رس ملا کر پیتی ہے۔

63 سالہ نگون نامی یہ خاتون ویتنام کے صوبے لانگ آن میں واقع اپنے آبائی علاقے تان تراچ کمیون میں اپنی منفرد خوراک کی وجہ سے کافی مشہور ہے۔

41 برس جیسے طویل عرصے سے غذایت پر مبنی ٹھوس غذا ترک کرنے اور صرف لیموں، چینی اور نمک ملا پانی پینے کے باوجود اس کی صحت نہ صرف کافی بہتر بلکہ اپنی عمر کے لحاظ سے قابل رشک ہے۔

اس معمر خاتون میں اتنی توانائی موجود ہے کہ وہ یوگا کی مختلف مشقیں کرسکتی ہے اور ان سے کافی کم عمر افراد یوگا کے ایسے مشکل آسن کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

وہ سمجھتی ہے کہ پانی ان کی صحت کے لیے ویسے ہی اہم ہے جیسے یہ درختوں کے ہوتا ہے۔ اس نے 21 برس کی عمر تک چاول اور دیگر ٹھوس غذائیں استعمال کیں۔

تاہم اس کے بعد انہیں صحت کے حوالے سے شدید عوارض لاحق ہوئے اور ان کے پیٹ میں تکلیف رہنے لگی جس کی وجہ سے انہیں روزانہ الٹیاں ہوتی تھیں۔

جب ان کا طبی معائنہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ وہ خون کی کسی بیماری میں مبتلا ہیں، علاج سے جب انہیں کوئی افاقہ نہ ہوا تو انہوں نے یہ سوچ کر کہ اب وہ زیادہ عرصہ نہیں جی سکیں گی، دوائیں اور علاج ترک کردیا۔

اسی دوران ایک پراسرار ڈاکٹر نے انہیں ٹھوس غذا ترک کرکے صرف پانی میں لیموں، نمک اور چینی ملاکر استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وہ چاہیں تو پھلوں کا جوس پی سکتی ہیں لیکن اس کے سوا کچھ نہیں۔

اس پراسرار ڈاکٹر نے اسے اپنی شناخت بتانے سے منع کیا تھا کہ لوگ اس کے اس غیر سائنسی طریقہ علاج کو تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔