بھارت کے شہر سورت میں ایک شخص دسویں منزل سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پر موت سے بچ گیا، جب اس کی ٹانگ دو منزل نیچے ایک فلیٹ کی کھڑکی کی جالی میں پھنس گئی۔
تفصیلات کے مطابق 57 سالہ نتن عمارت کے دسویں فلور پر اپنے فلیٹ میں کھڑکی کے قریب سو رہے تھے، نیند میں کروٹ بدلتے ہوئے وہ اچانک کھڑکی سے باہر جا گرے، جو یقینی طور پر جان لیوا حادثہ ثابت ہو سکتا تھا۔
خوش قسمتی سے ان کی ٹانگ آٹھویں منزل پر واقع ایک فلیٹ کی لوہے کی جالی میں پھنس گئی، جس کے باعث وہ الٹے لٹک گئے اور گرنے سے بچ گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نتن الٹے لٹکے ہوئے ہیں اور ان کی ٹانگ جالی میں بری طرح پھنسی ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کیا گیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو آپریشن کے دوران فائر فائٹرز نے اوپر والی منزل سے رسیوں اور سیفٹی بیلٹس کے ذریعے نتن کو محفوظ انداز میں باندھا، جبکہ نیچے کی جانب سیفٹی نیٹ بھی لگائی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بچا جا سکے۔
تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ریسکیو ٹیم نے کامیابی سے ان کی ٹانگ جالی سے آزاد کروائی، اس لمحے کو دیکھنے والے افراد نے سکھ کا سانس لیا۔
حادثے کے بعد نتن کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔