ماڑی پور کے گودام پر چھاپہ، غیر ملکی پرانے ٹائروں کی بڑی کھیپ برآمد

September 27, 2022

علامتی فوٹو

کراچی کے علاقے ماڑی پور میں گودام پر چھاپہ مار کر غیر ملکی پرانے ٹائروں کی بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی۔

کلکٹر کسٹمز عثمان باجوہ کا کہنا ہے کہ اطلاع ملی تھی کراچی میں گاڑیوں کے ٹائروں کی اسمگلنگ کی جا رہی ہے جس پر ماڑی پوری سائٹ ایریا کے گودام پر چھاپا مارا گیا۔ جس کے نتیجے میں غیرملکی ٹائروں کی بڑی کھیپ میں 55 ہزار ٹائر برآمد کیے گئے ہیں۔

کلکٹر کسٹمزعثمان باجوہ نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹائروں پر درج نمبروں کو ٹیمپر کیا جا رہا تھا۔

کلکٹر کسٹمز عثمان باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پرانے ٹائروں کی تیاری کی تاریخ بدل کر نیا ثابت کیا جا رہا تھا۔ پرانے اور ٹیمپرڈ ٹائر حادثات کاسبب بن سکتے ہیں۔ برآمد ہونے والے ان اسمگل شدہ ٹائروں کی مالیت 54 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ ٹائر کاروں، بسوں اور ڈمپر سمیت دیگر گاڑیوں میں استعمال ہوتے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، تفتیش کی جا رہی ہے کہ ٹائر افغان ٹرانزٹ سے آئے یا کسی اور طریقے سے آئے ہیں۔

کلکٹر کسٹمز عثمان باجوہ کے مطابق فیکٹری کو گودام کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔ مہنگی کار درآمد کرنے کے معاملے پر تحقیقات کر رہے ہیں۔