روسی پائپ لائنز میں پُراسرار لیکیج کی ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات شروع

September 28, 2022

فائل فوٹو

یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی دو روسی پائپ لائنز میں پُراسرار لیکیج کی ہنگامی بنیادوں پر تفتیش شروع کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں پائپ لائنز سویڈن اور ڈنمارک کے نزدیک بحیرہِ بالٹک سے گزرتی ہیں۔

یورپی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نورڈاسٹریم ون اور ٹو میں گیس لیک سے پہلے دو زیرِ سمندر دھماکے ریکارڈ کیےگئے تھے، تخریب کاری کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا رہا، دیکھنا ہو گا اس گیس لیکیج سے فائدہ کس کو ہوتا ہے۔

اس حوالے سے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ نورڈ اسٹریم 1 اور 2 کی لیکیج پر گہری تشویش ہے، روسی پائپ لائنز میں پُراسرار لیکیج کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

جوزف بوریل نے کہا کہ دستیاب معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ لیکیج جان بوجھ کر کیے گئے عمل کا نتیجہ ہے۔

دوسری جانب امریکا نے کہا ہے کہ وہ یورپ کو متبادل گیس فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ یوکرین جنگ کے نتیجے میں مغربی پابندیوں کے جواب میں روس نے مبینہ طور پر یورپ کو گیس کی سپلائی بند کی ہوئی ہے۔