ماہرہ خان کے ہمراہ وائرل ویڈیو پر ریما خان کا ردّ عمل

September 28, 2022

فائل فوٹو

پاکستانی معروف و سنیئر اداکارہ ریما خان نے ساتھی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ ایوارڈ کی تقریب سے وائرل ہونے والی ویڈیو پر اپنا ردِعمل دیا ہے۔

ریما خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ایوارڈ شو سے ماہرہ خان کے ہمراہ اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’میں اپنے ساتھی اداکاروں اور دوستوں کی جانب سے اتنی تعریفیں اور محبتیں موصول ہونے پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ماہرہ نےبھی ہمیشہ میرے لیے احترام اور محبت کا اظہار کیا ہے اور یہ احساس باہمی ہے‘۔

واضح رہے کہ اداکارہ ریما خان اور ماہرہ خان کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کی اصل وجہ ماہرہ خان کے باڈی گارڈ کی جانب سے اپنی ڈیوٹی نبھانا بنی۔

ویڈیو میں ماہرہ خان ریما خان سے خوب شیر و شکر ہو کر باتیں کر رہی ہیں جبکہ اُن کا باڈی گارڈ اُنہیں مسلسل ریما خان سے بچانے کے لیے دور کر رہا ہے۔

جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔

صارفین کا ماہرہ خان کے باڈی گارڈ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ماہرہ کا باڈی گارڈ اُنہیں اس وقت کس سے بچانا چاہ رہا ہے۔

صارفین کا حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ ماہرہ خان کے آس پاس تو صرف اس وقت ریما خان کھڑی ہیں جو کہ خود ایک خاتون ہیں تو باڈی گارڈ ماہرہ خان کو ریما سے محفوظ کرنا چاہ رہا ہے۔