اس وقت ہماری توجہ سیریز جیتنے پر ہے، افتخار احمد

September 29, 2022

فوٹو: جنگ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ اس وقت ہماری توجہ سیریز جیتنے پر ہے، ہم ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہے ہیں، ہمیں سیریز اپنے نام کرنا ہے، ہم اس کے لیے محنت کر رہے ہیں، سیریز میں کامیاب ہوں گے۔

جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ سیریز میں ہمیں برتری حاصل ہے جو اچھی بات ہے۔ اگلے ہی میچ میں کوشش ہوگی کہ ہم فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز جیتیں۔

افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اس وقت تک سیریز بڑی شاندار جا رہی ہے، فینز اور کھلاڑی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

پاکستانی مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی خوبصورتی یہی ہے کہ میچز ٹف ہوتے ہیں، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مضبوط ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچز آخری لمحات تک جا رہے ہیں، کھلاڑی پُراعتماد ہیں کہ چاہے ہدف کا تعاقب کرنا ہو یا دفاع، ہم جیت سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کا مڈل آرڈر بیٹنگ کا شعبہ تنقید کی زد میں ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مڈل آرڈر بیٹرز تسلسل کے ساتھ پرفارم نہیں کر رہے۔

اس سلسلے میں افتخار احمد تسلیم کرتے ہیں کہ مڈل آرڈر بیٹرز کی کارکردگی میں بہتری کی گنجائش ہے، مڈل آرڈر بیٹرز کی کارکردگی اس سے بہتر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پروفیشنل ہیں، ہم کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بہت محنت کرتے ہیں، ہم نے پاکستان کے لیے سو فیصد دینا ہے، اسی کی کوشش کرتے ہیں، کوچز ہمیں مختلف ڈرلز کروا رہے ہیں، جلد فرق نظر آئے گا۔

افتخار احمد کا کہنا تھا کہ تنقید اپنی جگہ ہے، تنقید ہوتی رہتی ہے، ہمیں بس اچھا کھیلنے کی کوشش کرنا ہے لیکن یہ چیز بھی ہے کہ ہمارے ٹاپ آرڈر بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان بہت اچھا کھیل رہے ہیں اور مڈل آرڈر بیٹرز کو کم وقت ملتا ہے لیکن ہم پروفیشنل ہیں ہمیں جتنا بھی وقت ملے ہمیں تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمبی نیشن ایسا بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے مجھے بولنگ کا موقع کم ملتا ہے، ہمارے تین فاسٹ بولرز ہیں اور ان کے ساتھ شاداب خان اور محمد نواز ہوتے ہیں۔ میں بولنگ کروا سکتا ہوں لیکن میں بولنگ کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں، ثقلین مشتاق کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے بولنگ بہتر ہو رہی ہے۔

مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ کراچی کے مقابلے میں لاہور کی کنڈیشنز مختلف ہیں، اوس کی وجہ سے پہلی دوسری اننگز کا فرق پڑتا ہے۔

افتخار احمد کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں کنڈیشنز مختلف ہوں گی، ہم آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں اچھا کھیل سکتے ہیں۔

افتخار نے کہا کہ مجھے وہاں کھیلنے کا تجربہ ہے جس کا مجھے فائدہ ہوگا، آسٹریلیا کے بڑے گراؤنڈز میں چھکے مارنا کوئی مسئلہ نہیں، ایسا نہیں ہے کہ ہمارے بیٹرز آسٹریلیا کے اسٹیڈیمز کے اسٹینڈز میں گیند نہیں پھینک سکتے۔