کراچی سے 34 دن بعد ٹرین سروس جزوی بحال

October 02, 2022

—فائل فوٹو

سیلاب کی وجہ کراچی سے 34 دن بعد ٹرین سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی۔

ریلوے حکام کے مطابق پہلی ٹرین رحمٰن بابا ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گئی، رحمٰن بابا ایکسپریس براستہ فیصل آباد سے راولپنڈی پہنچے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے روانہ ہونے والی رحمٰن بابا ایکسپریس ٹرین میں 19 بوگیاں ہیں، ٹرین میں 1428 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین میں ایک اے سی بزنس، 4 اے سی اسٹینڈرڈ اور 14 اکانومی کلاس کے ڈبے ہیں، رحمٰن بابا ایکسپریس 31 گھنٹے 55 منٹس کا سفر کر کے کل شام 5 بج کر 55 منٹ پر پشاور پہنچے گی۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ دوسری ٹرین سروس خیبر میل آج رات 10 بج کر 15 منٹ پر کراچی سے پشاور روانہ ہو گی۔