مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے، مریم اورنگزیب

October 02, 2022

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان خواتین کو کم تر مخلوق سمجھنے کی ذہنی بیماری میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خواتین کو محض اشیاء سمجھ کر بدکلامی ہی نہیں کرتے انہیں ہراساں بھی کرتے ہیں، انہوں نے اپنی جماعت اور حامیوں میں یہی بیمار ذہنیت پھیلائی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ افسوس ہے کہ پی ٹی آئی کی خواتین لیڈر اور حامی اِس رویے کو درست قرار دیتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی عمران خان کے بارے میں رائے بالکل درست ہے، اسکا نام مجبوراً لینا پڑتا ہے جو خواتین کو کم تر مخلوق سمجھنے کی ذہنی بیماری میں مبتلا ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ یہ ہر روز ایک نئے پاتال میں اُتر جاتے ہیں، عمران خان نے ہر بار یہی ثابت کیا وہ عورتوں کی توہین کرتا ہے، اُن کی عزت و احترام سے نابلد ہے۔