پولیس اہلکار سے بد تمیزی کرنے اور گریبان پکڑنے پر خاتون کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

October 02, 2022

فوٹو: فائل

اسلام آباد پولیس نے اہلکار سے بد تمیزی کرنے اور گریبان پکڑنے پر خاتون کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور پولیس اہلکار کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ تھانہ کراچی کمپنی میں پیش آیا، پولیس نے لڑائی جھگڑے کی کال پر میاں بیوی کو تھانہ منتقل کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب پولیس اہلکار کمرے میں آیا تو اس نے دونوں سے نام پوچھے، نام پوچھنے پر خاتون آگ بگولہ ہوگئیں اور پولیس اہلکار کا گریبان پکڑ لیا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے کارِ سرکار میں مزاحمت کی اور پولیس اہلکار کو گالیاں بھی دیں، اس معاملے میں خاتون اور پولیس اہلکار کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، پولیس اہلکار کے کنڈکٹ پر بھی انکوائری کی جا رہی ہے۔