حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، مصدق ملک

October 04, 2022

وزیر مملکت مصدق ملک نے پیٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد جی ایس ٹی وصول کرنے کی تردید کردی اور کہا کہ حکومت کا یہ ٹیکس لگانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد یا پیٹرول پر 41 روپے اور ڈیزل پر 46 روپے جی ایس ٹی وصول نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا جی ایس ٹی لگانےکا کوئی ارادہ نہیں، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے پیٹرول پر 50 روپے لیوی کا وعدہ کیا، جسے ہم نے کنفرم کیا۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اس وقت ڈیزل پر 12روپے لیوی وصول کر رہے ہیں، 37 روپے لیوی وصول نہیں کر رہے، اس وقت پیٹرول پر 32 روپے لیوی وصول کر رہے ہیں، 17 روپے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جی ایس ٹی اور لیوی میں عوام کو پیٹرول پر 58 روپے 78 پیسے، ڈیزل پر 87 روپے 77 پیسے چھوٹ دی جا رہی ہے۔