راولپنڈی: 3 بھائیوں کے قتل کا ڈراپ سین، ماسٹر مائنڈ سمیت 3 ملزمان گرفتار

October 04, 2022

راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں 11 سال میں 3 سگے بھائیوں کے قتل کا ڈراپ سین،ماسٹر مائنڈ سمیت 3 ملزمان گرفتار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تینوں بھائیوں کو جائیداد ہتھیانے کیلئے قتل کیا گیا، ماسٹر مائنڈ ملزم جاوید اکرام 30 سال سے مقتولین کا کرایہ دار تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دو ماہ میں 2 سگے بھائیوں کو منصوبہ بندی سے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

18 جولائی کو ایک بھائی ساجد، 27 ستمبر کو دوسرے بھائی ماجد کو قتل کیا، ماجد کے قتل کی تفتیش کے دوران ماسٹر مائنڈ ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم جاوید نے 2020ء میں مقتول ساجد اور ماجد کے بڑے بھائی ارشد کو اسلام آباد میں قتل کیا۔

ملزم نے مقتولین کے ایک بھائی واجد کو نشےکی لت میں مبتلا کرکے غائب کروا دیا۔

مرکزی ملزم جاوید نے 2011ء میں پیر ودھائی کے علاقہ میں 17 سال کے لڑکے کو قتل کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹ نے ملزم جاوید کو 3 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے ملزم کی سزائے موت ختم کرکے 9 سال قید کی سزا سنائی تھی۔