ایلون مسک اور ولادیمیر زیلینسکی کے درمیان ٹوئٹر پر نوک جھونک

October 05, 2022

فائل فوٹو

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی کے درمیان پیر کے روز ٹوئٹر پر نوک جھونک ہوگئی۔

ایلون مسک نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے کے بارے میں ٹوئٹر صارفین کی رائے جاننے کے لیے ایک پول کروایا۔

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر پر کروائے گئے اس پول کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ سوشل میڈیا صارفین روس اور یوکرین کے معاملے پر دو حصّوں میں بٹے ہوئے ہیں۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی اور عوام کی جانب سےایلون مسک کے اس عمل کی فوری مذمت کی گئی۔

ایلون مسک کے پول کا جواب دینے کے لیےولادیمیر زیلینسکی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ پول کروایا کہ’آپ اس ایلون مسک کو پسند کرتے ہیں جو یوکرین کی حمایت میں ہوں یا پھر اسے جو روس کی حمایت کرے؟‘۔

ولادیمیر زیلینسکی کی جانب سے کروائے گئے اس پول کے نتائج سے بات سامنے آئی کہ سوشل میڈیا صارفین ایلون مسک کو یوکرین کی حمایت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب، ایلون مسک نے زیلینسکی کے اس پول پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’میں اب بھی یوکرین کی ہی حمایت کرتا ہوں، لیکن مجھے یہ بھی یقین ہے کہ اگر جنگ بڑے پیمانے پر بڑھی تو اس سے یوکرین اور ممکنہ طور پر دنیا کو بہت نقصان پہنچے گا‘۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے یوکرین کےان مقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی انتخابات کی تجویز پیش کی ہے، جنہیں ماسکو نے ریفرنڈم کروانے کے بعد گزشتہ ہفتےاپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ یوکرین اور کئیمغربی حکومتوں نے اس ریفرینڈم کو ’غیر قانونی‘ اور ’زبردستی‘ قرار دے دیا ہے۔