قومی تحریک شہداء کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے، بی این پی

October 06, 2022

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے حلقہ پی بی 26وملحقہ علاقوں کے عہدیداروں کا اجلاس شہدائے 10اکتوبر عالمو چوک کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری میر جمال لانگو کی رہائش گاہ منوجان روڈ ہد ہ میں ہوا ،جس کی صدارت پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر وضلعی صدر غلام نبی مری نے کی ، جبکہ مہمان خاص مرکزی فنانس سیکرٹری وپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اختر حسین لانگو اعزازی مہمان مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ تھے ،اجلاس کی کارروائی ضلعی جنرل سیکرٹری میر جمال لانگو نے چلائی۔ اجلاس میں ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی ،فنانس سیکرٹری میر محمد اکرم بنگلزئی ،انسانی حقوق کے سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ ،مرکزی سوشل میڈیا ممبر ادریس پرکانی سمیت حلقے کے عہدیداروں نے شرکت کی ،اجلاس میں بی این پی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام 10اکتوبر عالمو چوک کے شہداء کی برسی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور جلسے کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں مختلف تجاویز اور حکمت عملی ترتیب دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ شہدائے 10اکتوبر عالمو چوک کی یاد میں تعزیتی جلسہ کلی اسماعیل نزد مینگل جنرل سٹور بالمقابل صدر تھانہ میدانی میں ہوگا ۔مقررین نے کہا کہ شہدائے 10اکتوبر عالمو چوک کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر بلوچ اور بلوچستان قومی تحریک کوفروغ دیکر یہ ثابت کیا کہ یہاں کے عوام ترقی وخوشحالی ،روزگار ،تعلیم کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،بلوچستان کی قومی تحریک شہداء کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے،شہداء عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے ۔پارٹی کے سیکرٹری جنرل شہید گل زمین حبیب جالب بلوچ سے لیکر درجنوں کارکنوں نے اس قومی تحریک کی پاداش میں اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بی این پی قومی تحریک کے شہداء کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے کہ جس نے ہمیشہ بلوچ اور بلوچستان کے قومی اجتماعی مسائل کو آگے بڑھانے کیلئے موثر انداز میں آواز بلند کی، لاپتہ افراد کی بازیابی بلوچستان میں قومی جبر کیخلاف اور ساحل ووسائل پر واک واختیار کے حصول کیلئے پارٹی کا ایک مثالی کردار ہے،مقررین نے کارکنوں ، عہدیداروں اور بلوچ وبلوچستان عوام سے اپیل کی کہ وہ 10اکتوبر کے تعزیتی جلسے میں شرکت کرکے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم وطن دوستی کا عملی ثبوت دیں۔