قومی ٹیم کو شعیب ملک کی ضرورت ہے، سابق کپتان

October 06, 2022

شعیب ملک، فائل فوٹو

سابق پاکستانی کپتان مدثر نذر کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کو آل راؤنڈر شعیب ملک کی ابھی ضرورت ہے۔

مدثر نذر نے ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب پر کرکٹ پاکستان کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ’جس طرح سے پاکستان ٹی ٹوئنٹی کھیلتا ہے، ایسی صورتحال میں شعیب ملک کی پلیئنگ الیون میں شمولیت فائدہ مند ثابت ہوگی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان نے اچھا مقابلہ کیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کے 1 یا 2 کھلاڑیوں کے علاوہ پوری ٹیم نے بہت زبردست کارکردگی دکھائی اور انگلش کھلاڑی کرکٹ کے تمام شعبوں میں بہترین رہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’اس دوران پاکستانی ٹیم کےصرف 3 سے 4 کھلاڑیوں نے انگلینڈ کی ٹیم کا مقابلہ کیا‘۔

مدثر نذر نے کہا کہ’پاکستان کی اصل کمزوری مڈل آرڈر ہے اور یہی کمزوری ٹیم کو مشکل میں ڈالتی ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’اس مڈل آرڈر کی کمزوری کی مسلسل نشاندہی کی جاتی رہی لیکن سلیکٹرز اس پوزیشن پر اُنہیں بلے بازوں کو کھیلا نے پربضد رہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’پاکستان ایک ایسے فارمیٹ کے ساتھ کھیل رہا ہے جہاں بابر اور رضوان 12 اور 13 اوورز تک بیٹنگ کرتے رہیں اور آخر میں سلوگرز یعنی محتاط انداز میں کھیلنے والے کھلاڑی آکر جیت کے لیے ہدف حاصل کرنے میں مدد کرسکتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہو رہا تھا‘۔

مدثر نذر نے کہا کہ’جس طرح سے پاکستان کھیلتا ہے، شعیب ملک کا ٹیم میں شامل ہونا ضروری ہے کیونکہ وہ اننگز کو بہتر انداز میں لے کر چل سکتے ہیں اور وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اننگز کےاختتام تک کس طرح بیٹنگ کرنی ہے، وہ فرنچائز کرکٹ میں بھی ایسا کرتے رہے ہیں‘۔