کراچی: PTI کیلئے رقوم کی غیر قانونی منتقلی، طارق شفیع کے گھر پر چھاپہ

October 06, 2022

—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کے لیے بیرونِ ممالک سے غیر قانونی طور پر رقوم پاکستان منتقل کرنے کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے عہدے دار اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے دست راست طارق شفیع کے گھر پر ان کی گرفتاری کے لیے اسٹیٹ بینک سرکل حکام نے چھاپہ مارا ہے۔

ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کی ٹیم کے ڈی اے اسکیم ون میں طارق شفیع کی رہائش گاہ پہنچی، طارق شفیع اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے، تاہم اس ضمن میں کارروائی کا عمل جاری ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اسٹیٹ بینک سرکل کراچی میں اس سلسلے میں 5 اکتوبر کو ایف آئی آر نمبر 14/2022 درج کی گئی ہے۔

مقدمے میں سید عارف مسعود نقوی، پی ٹی آئی عہدے دار طارق شفیع اور محمد رفیع لاکھانی نامزد ملزم ہیں۔

رقوم کی غیر قانونی منتقلی میں شامل ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔