گھوٹکی میں پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تفصیلات سامنے آگئیں

November 06, 2022

گھوٹکی میں پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت کے واقعے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

جیو نیوز واقعے کی تہہ تک پہنچ گیا، سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے، ذرائع کے مطابق پولیس نے گزشتہ دنوں ڈاکو سلطو شر کو ہلاک کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکو سلطو شر کے قریبی عزیز کی گرفتاری کے لیے کچے کے قریب ناکے کی منصوبہ بندی ہوئی تھی۔

ڈاکوؤں کو پولیس ناکے کی مبینہ طور پر پہلے ہی اطلاع تھی، پولیس ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کی نگرانی میں 3 بکتر بند گاڑیوں میں پہنچی، تو ڈاکوؤں نے راکٹ فائر کردیا۔

ذرائع کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث پولیس کے راکٹ لانچر نے کام نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں کو گھیر کر فائرنگ کی، پولیس اہلکار ممکنہ طور پر حملے کے لیے تیار نہیں تھے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کے پہلے ہی حملے میں ڈی ایس پی، ایس ایچ او، اہلکار شہید ہوگئے، چند پولیس اہلکاروں نے بھاگ کر جان بچائی۔

ذرائع کے مطابق بعض پولیس اہلکاروں کو ڈاکوؤں نے یرغمال بنالیا، مغوی اہلکاروں کو بعد میں مذاکرات سے رہا کروایا گیا، واردات کے بعد ڈاکو کچے میں فرار ہوگئے۔