پی آئی اے کی استنبول کیلئے پروازوں کا آغاز

November 15, 2022

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر پی آئی اے کی استنبول کے لیے براہِ راست پروازوں کا آج سے آغاز ہو گیا۔

پاکستان اور ترکیہ میں مضبوط اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔

پی آئی اے کی پروازوں کی شروعات دونوں اسلامی ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کی تجدیدِ نو ہے۔

پی آئی اے کی ترکیہ کے لیے پروازوں سے مسافروں کو یورپ، برطانیہ اور امریکا کے 28 شہروں تک سفر کی آسان رسائی ممکن ہو گئی۔

پی آئی اے استنبول سے ترکش ایئر لائن کی منسلک پروازوں سے امریکا، برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں تک سفری سہولتیں فراہم کرنے والی پہلی پاکستانی فضائی کمپنی ہے۔

پی آئی اے کی لاہور سے ہفتہ وار 2 اور اسلام آباد سے 4 پروازیں شروع کی جا رہی ہیں۔

لاہور ایئر پورٹ پر افتتاحی پرواز کے موقع پر ایک سادہ اور پروقار تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی وزیرِ ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق تھے۔

لاہور ایئر پورٹ پر افتتاحی پرواز کے موقع پر کیک کاٹا گیا، مسافروں میں پھول، تحائف اور ترکش مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان اور ترکی گہرے تاریخی اور مشترکہ ثقافتی رشتے سے منسلک ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کا استنبول آپریشن پاکستان اور ترکیہ کے سفارتی تعلقات قائم ہونے کی 75 ویں سالگرہ کے طور پر کیا گیا ہے، پی آئی اے اپنی سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔