تحریک انصاف کا 26 نومبر کو جلسہ، سیکیورٹی پلان تیار

November 25, 2022

فائل فوٹو

راولپنڈی میں تحریک انصاف کے 26 نومبر کے جلسے کی تیاریوں سے متعلق انتظامیہ اور پولیس نے جلسے کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے کنٹینر پر بلٹ پروف شیشہ نصب رہے گا اور کنٹینر سے کارکن 40 فٹ کے فاصلے پر ہوں گے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے چاندنی چوک فلائی اوور سے آگے گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا، سکیورٹی کے لیے 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی جلسے کے سبب فیض آباد اور اطراف کے ہوٹلوں کو خالی کروایا جائے گا، جلسے سے قبل پولیس، اسپیشل برانچ مری روڈ اور گرد و نواح کے ہاسٹلز، فلیٹس کی سوئپنگ کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مری روڈ کی تمام عمارتوں بالخصوص مرکزی پنڈال کے اطراف اسنائپرز اور ایلیٹ کمانڈوز چھتوں پر تعینات کیےجائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے شمس آباد اور فیض آباد کا درمیانی پوائنٹ جلسے کے لیے فائنل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جلسے کے سبب راولپنڈی شہر کے تعلیمی اداروں میں 26 نومبر کو تعطیل ہوگی جبکہ مری روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر تجارتی مراکز بند رہیں گے۔