پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان آرمی چیف کی تقرری پر اثرانداز ہونے کے لیے آنا چاہتے تھے، تعیناتی کا مرحلہ خوش اسلوبی سے طے ہوچکا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون کے اندر رہیں گے تو ہم عمران خان کا استقبال کریں گے اور قانون سے باہر رہیں گے تو رانا صاحب ان کا استقبال کریں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان اب نیا تماشا کھڑا کریں گے تو وہ بھی دیکھ لیں گے، عمران خان کو اکثر باتیں دیر سے سمجھ آتی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ الزامات کیا ہیں، نیب کو ختم کر کے ملک کے نظام کو چلانا چاہیے، سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال بھی اپنے اثاثے عوام کے سامنے رکھیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو آدمی دوسروں کا احساب کرے وہ سب سے پہلے خود احتساب کے عمل میں شامل ہو، نیب کو ختم کریں، اس ادارے نے ملک کے نظام کو مفلوج کردیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ روس سے بات کرنے پر امریکا کا کوئی دباؤ نہیں،حکومت خام تیل امپورٹ نہیں کرتی، ریفائنریز کرتی ہیں۔