ڈیفنس میں پولیس اہلکار کا قتل: مزید حقائق سامنے آگئے

November 26, 2022

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کیس میں اب تک کی تحقیقات میں مزید حقائق سامنے آگئے۔

پولیس اہلکار کے قتل کے تفتیش کاروں نے مقدمہ سی ٹی ڈی کو ٹرانسفر کرنے کی درخواست کردی۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم خرم پہلے اپنے گھر اور پھر کلفٹن بلاک 4 میں ریسٹورنٹ گیا، ملزم ریسٹورنٹ سے پھر ایک چائے خانے پر دوستوں کے پاس گیا، جہاں اس کی ملاقات اپنے دوستوں ارسلان اور فرید سے ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرید اچکزئی ہی خرم نثار کو چھوڑنے ایئرپورٹ گیا، دونوں دوستوں کو پولیس نے شامل تفتیش کر لیا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خرم نثار نے اپنے اکاؤنٹ سے ہی غیر ملکی ایئرلائن کا ٹکٹ خریدا، ملزم کے اکاؤنٹ کی تفصیلات پولیس نے حاصل کر لی ہیں، ملزم اپنے اکاؤنٹ سے بار بار رقم نکال رہا ہے، اکاؤنٹ فریز کرنے کیلئے غیر ملکی بینک کو خط لکھ دیا ہے۔

واضح رہے کہ 21 اور 22 نومبر کی درمیانی شب کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں 26 اسٹریٹ پر کار سوار ملزم خرم نثار نے فائرنگ کر کے شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمٰن کو قتل کر دیا تھا۔