پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے سیکڑوں پاکستانی بینکاک میں پھنس گئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر دونوں ممالک کی فضائی حدود بند ہونے کے بعد سفری بحران پیدا ہو گیا جس کی وجہ سے بنکاک میں سیکڑوں پاکستانی مسافر گزشتہ 48 گھنٹوں سے زائد وقت سے پھنسے ہوئے ہیں۔
یہ مسافر مختلف ممالک سے بنکاک کے ذریعے پاکستان آ رہے تھے تاہم فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے ان کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اس حوالے سے بنکاک ایئر پورٹ پر پھنسے جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی ایڈوکیٹ طاہر کا کہنا کہ یہاں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں، ناصرف رہائش اور خوراک کا مسئلہ درپیش ہے بلکہ بےیقینی کی صورتحال نے ذہنی دباؤ بھی بڑھا دیا ہے۔
مسافروں نے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی کہ ہنگامی بنیادوں پر سفارتی سطح پر بات چیت کی جائے تاکہ فضائی راستے کھل سکیں اور وہ اپنے ملک واپس آ سکیں۔
بنکاک ایئرپورٹ پر بھارتی شہری بھی بڑی تعداد میں پھنسے ہوئے ہیں جن کی واپسی بھی تعطل کا شکار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی مزید بڑھتی رہی تو خطے میں فضائی آپریشن طویل مدت کے لیے متاثر ہو سکتا ہے جس سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وزارتِ خارجہ کے حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستانی شہریوں کی جلد واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔