فٹبال میچ میں انگلش ٹیم کی حمایت، امریکی سفارتخانے کا عہدیدار ملازمت سے ’فارغ‘

November 26, 2022

لندن میں قائم امریکی سفارتخانے کے ایک افسر کو انگلش فٹبال ٹیم کی حمایت کرنے پر سروس سے ’فارغ‘ کر دیا گیا۔

امریکی سفارتخانے نے ٹوئٹر پر ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انگلش فٹبال ٹیم کے حامی عہدیدار کو نوکری سے فارغ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں ایرن اسنائپ انگلینڈ کے لوگو والی شرٹ پہنے ہوئے ہیں، یہ ویڈیو دونوں ممالک کے میچ سے قبل شیئر کی گئی تھی۔

گزشتہ روز انگلینڈ اور امریکا کے درمیان فیفا ورلڈکپ میں فٹبال میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی افسر سفارتخانے میں انگلینڈ کے لوگو والی شرٹ، پرچم کے ساتھ داخل ہوتے ہیں جس پر انہیں ساتھی افسران حیرت سے دیکھتے ہیں۔

وہ اپنے کمرے میں بیٹھے ہوئے ہیں کہ اس دوران ایک افسر آکر بتاتی ہیں کہ انہیں ’ایچ آر‘ نے بلایا ہے۔

ایرن اسنائپ ایچ آر جاتے ہیں تو ایچ آر افسر کہتے ہیں کہ آپ ایک امریکی ہیں، امریکی سفارتخانے میں ملازمت کرتے ہیں، آپ انگلینڈ کی حمایت نہیں کرسکتے۔

ویڈیو کے آخر میں ایک جملہ نظر آیا کہ ایرن اسنائپ اب لندن میں امریکی سفارتخانے کے لیے کام نہیں کرتے۔