اعلیٰ عدلیہ میں بھی انصاف کے دروازے بند نظر آرہے ہیں، اسد عمر

November 26, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے پارٹی رہنما فیصل جاوید کی غلطی بتا دی۔

راولپنڈی میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ فیصل جاوید نے آج غلطی کی میرا تعارف اسلام آباد کے ایم این اے کے طور پر کروایا۔

اسد عمر نے کہا کہ فیصل جاوید میں اسلام آباد کا ایم این اے نہیں ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں اعلیٰ عدلیہ میں بھی انصاف کے دروازے بند نظر آرہے ہیں، جج صاحبان کو اپنا راستہ بدل کر جانا پڑا تو ان کو تکلیف پہنچی۔

اسد عمر نے کہا کہ سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی پارٹی کے چیئرمین پر فائرنگ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی جماعت کے چیئرمین کی ایف آئی آر نہیں کاٹی جاتی، آج ملک میں قوم کو انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا۔