پنجاب اور KP اسمبلیوں کے انتخابات پر ساڑھے 22 ارب اخراجات کا تخمینہ، سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، الیکشن کمیشن

November 29, 2022

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ کسی بھی صوبائی حلقے میں انتخابات پر تقریباً پانچ سے سات کروڑ روپے خرچ ہونگے، اگرچہ ایک ہی سال میں ضمنی اور عام انتخابات کرانا مشکل ہے مگر ہم قانون کے پابند ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات بھی مشکل کام تھا جو ہم نے کیا، اسی طرح قانون کے مطابق اگر ضمنی الیکشن مشکل بھی ہے تو انتخابات کرائینگے۔ ترجمان نے کہا کہ پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلی کے دوبارہ انتخاب پر کم ازکم ساڑھے 22ارب کا خرچ آئےگا۔ دریں اثناء ترجمان الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے حوالے سے سرکاری طور پر کوئی بیان جاری کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک صحافی کے سوالات پر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے جوابات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے حوالے سے سے آفیشلی کوئی بیان جاری نہیں کیا،ایک صحافی کو سوالات کے جوابات معلومات کیلئے دئیے گئے جنہوں نے الیکشن کے حوالے سے قانون اور رولز پر سوالات کئے تھے اور ایک صوبائی و اسمبلی حلقے کے الیکشن پر خرچے کے حوالے سے بھی استفسار کیا تھا۔