ٹینس اسٹار مہک کھوکھر یکساں انعامی رقم سے خوش

November 29, 2022

مہک کھوکھر کی جیو نیوز سے گفتگو

پاکستان کی ٹینس اسٹار مہک کھوکھر نے ٹینس کی خواتین کھلاڑیوں کے لیے مردوں کے یکساں انعامی رقم کی روایت کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔

مہک کھوکھر لاہور میں جاری حسن طارق رحیم نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپیئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں۔

ایونٹ کی انعامی رقم پاکستان میں سب سے زیادہ ہے جو کہ 13 لاکھ روپے ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ ایونٹ میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کو یکساں انعامی رقم دی جائے گی۔

مہک کھوکھر نے کہا ہے کہ نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپین شپ میں یکساں انعامی رقم کا ہونا اچھی بات ہے، اس سے یہ چیز ثابت کرنے کا موقع ملتا ہے کہ سب کھلاڑی برابر ہیں ان میں کوئی تفریق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے دوسرے کھیلوں کو بھی سیکھنا چاہیے، پوری دنیا میں اب مرد و خواتین کے لیے یکساں پرائز منی پر عمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مہک کھوکھر نے کہا کہ انعامی رقم ایک بہت بڑا مسئلہ ہوتا ہے جو دوسرے شہروں سے کھلاڑی آتے ہیں انہیں پہلی انعامی رقم دِکھانا پڑتی ہے کہ آیا انہیں کھیلنے کا فائدہ بھی ہے یا نہیں۔

مہک کھوکھر نے کہا کہ کچھ کھلاڑی سارا پیسہ اپنی جیب سے لگانے کی سکت نہیں رکھتے، وہ کھیلتے ہیں جیتتے ہیں تو وہی رقم پھر اگلے ایونٹس کے لیے لگاتے ہیں۔

پاکستان کی ٹینس اسٹار نے کہا کہ کراچی میں کئی لڑکیاں بہت اچھا ٹینس کھیلتی ہیں لیکن وہ پنجاب میں آکر اس لیے نہیں کھیل سکتیں کہ انہیں بہت مہنگا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی بہت ہوچکی ہے، اس لیے یکساں انعامی رقم کے ساتھ انعامی رقم میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔