امریکا: سیاہ فام ملزم کے مفلوج ہونے کا واقعہ، 5 پولیس افسران پر فرد جرم

November 29, 2022

پولیس افسران پر ملزم کے ساتھ لاپرواہی اور اسے خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امریکی ریاست کنیکٹی کٹ میں پولیس وین میں لے جاتے ہوئے گرفتار سیاہ فام ملزم کے مفلوج ہونے کے واقعے پر 5 پولیس افسران پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

پولیس افسران پر ملزم کے ساتھ لاپرواہی اور اسے خطرے میں ڈالنے اور ظلم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

سیاہ فام رینڈی کاکس کو 19 جون کو نیو ہیون کے ایک پولیس اسٹیشن لے جایا جا رہا تھا جب پولیس وین کے ڈرائیور نے زور سے بریک لگائی، جس کی وجہ سے رینڈی کاکس وین کے پچھلے دروازوں سے ٹکرایا تھا جس سے اس کا نچلا دھڑ مفلوج ہوگیا۔

باڈی کیمروں کی ویڈیو میں وین میں موجود پولیس افسران کو ملزم کا مذاق اُڑاتے اور پھر اسے ٹانگوں سے گھسیٹ کر جیل میں لے جاتے دیکھا گیا۔

ویڈیو دیکھنے کے بعد پولیس افسران پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، جس کے بعد پانچوں افسران کو انتظامی رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔