وزارت خزانہ کا پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ

November 30, 2022

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کو ایک مرتبہ برقرار رکھا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل آئل میں فی لیٹر ساڑھے 7 روپے کمی کی جارہی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے کی کمی کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی بتایا کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

بعدازاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

اس نوٹیکفیشن کے مطابق فی لٹر مٹی کے تیل کی قیمت 181.83 روپے ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 179 روپے ہوگئی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی یہ قیمتیں 15 دن تک برقرار رہیں گی۔

واضح رہے کہ یہ مسلسل چوتھی مرتبہ ہے کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اس سے قبل 30 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے ان میں بڑی کمی کردی گئی تھی۔

پیٹرول کی موجودہ قیمت 224 روپے 80 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے برقرار رہے گی۔