متنازع فلم ’کشمیر فائلز‘ کو ایوارڈ کیوں ملا؟ اسرائیلی فلم ساز نے بتادیا

December 01, 2022

فائل فوٹو—نواڈ لیپڈ

جیوری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے چیئرمین اور اسرائیلی فلم ساز نواڈ لیپڈ کا کہنا ہے کہ دی کشمیر فائلز کو سیاسی دباؤ کی وجہ سے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) میں شامل کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فلم ساز نواڈ لیپڈ نے اسرائیلی اخبار کے ایک انٹرویو میں اپنے الفاظ کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر فائلز پروپیگنڈہ اور بیہودہ فلم ہے، میں اس بات پر اب بھی قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں فلم کی صورت میں پروپیگنڈے کو پہچان سکتا ہوں، بری فلم بنانا کوئی جرم نہیں ہے تاہم دی کشمیر فائلز ایک پروپیگنڈہ، گھٹیا اور توڑ مروڑ کر پیش کی جانے والی فلم ہے۔

نواڈ لیپڈ کا کہنا ہے کہ بطور جیوری کے ممبر مجھے اس وقت جو بات ٹھیک لگی میں نے کہا اور یہ میرا فرض بھی تھا،بطور غیر ملکی میں نے وہ بات کی جو وہاں رہنے والا نہیں کر سکتا کیوں کہ اس کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میں نے فلم کو دیکھ کر محسوس کیا کہ دی کشمیر فائلز کو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں سیاسی دباؤ کی وجہ سے شامل کیا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کی جیوری کے چیئرمین نے بالی ووڈ فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کو بیہودہ پروپیگنڈا قرار دیا تھا۔

جیوری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے چیئرمین اور اسرائیلی فلم ساز نواڈ لیپڈ کا کہنا ہے کہ کشمیر فائلز پروپیگنڈہ اور بیہودہ فلم ہے، ایسی فلم کو نیشنل ایوارڈ ملنا انتہائی حیران کُن ہے۔

دی کشمیر فائلز مقبوضہ کشمیر کے پنڈتوں کی روداد پر مبنی ہے جس میں 1990 کے دوران پنڈتوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کو دکھایا گیا ہے۔

فلم میں کشمیری مسلمانوں کو منفی اور دہشت گرد کے طور پر پیش کیا گیا ہے،دی کشمیر فائلز پر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ کشمیری پنڈتوں نے بھی اعتراضات کیے ہیں۔