پی ٹی آئی اسمبلیاں کب تحلیل کرے، کمیٹی کی سفارشات تیار

December 01, 2022

فائل فوٹو

اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ سطح کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کر لیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق کمیٹی کے ارکان کی جانب سے 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کمیٹی اجلاس میں سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں میاں اسلم اقبال، محمود الرشید، حماد اظہر، اعجاز چوہدری اور دیگر ارکان شریک ہوئے، پنجاب سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان نے فوری اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ ارکان نے رائے دی ہے کہ سیاسی کارڈز کھیلتے ہوئے ٹائمنگ کو مد نظر رکھا جائے، اسمبلیوں کی تحلیل تب کی جائے جب وفاق اور دیگر صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنےکے لیے دباؤ بڑھ سکے۔

ارکان کا کہنا ہے کہ اس وقت حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے اربوں مالیت کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں، متعدد حکومتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کے بعد تاریخ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔