• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین میں صوبوں کی حدود کی تبدیلی کا طریقہ واضح ہے: وزیرِ اعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ— فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ— فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین میں صوبوں کی حدود کی تبدیلی کا طریقہ واضح ہے، صوبائی حدود میں تبدیلی آئینی ترمیم کے ذریعے ہی ممکن ہے، صوبے کی حدود کی تبدیلی کے لیے دو تہائی اکثریت سے قرارداد ضروری ہے۔

بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائدِ اعظم نے بیماری کے باوجود انتھک محنت سے ہمیں یہ ملک دیا، اُن کے اصول ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، ہمیں باہمی صلاح و مشورے سے فیصلے لینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں ہماری مسلح افواج نے دمشن کو منہ توڑ جواب دیا، اللّٰہ پاکستان کو تاقیامت متحد اور ایسا ملک بنائے کہ پوری دنیا دیکھے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے کے اظہار کا آئینی حق حاصل ہے، جمہوریت کی روح ہی یہ ہے کہ ہر شخص اپنی رائے دے، ہم نے اس صوبے اور کراچی کو مزید بہتر کرنا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو متحد رکھنا ہے اور مضبوط بنانا ہے، دھرنا دینا ہر کسی کا بنیادی حق ہے، پوری دنیا میں لوگ احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو سہولتیں دی جائیں، عالمی مارکیٹ کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید