پتوکی: چوری کا الزام، ہجوم کے تشدد سے معمر شخص ہلاک

December 01, 2022

پنجاب کے ضلع قصور کے شہر پتوکی میں ہجوم کی جانب سے چوری کا الزام لگا کر معمر شخص کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ہجوم کے بے انتہا تشدد کے باعث معمر شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ریسکیو 1122 نے بتایا ہے کہ واقعہ پتوکی کے علاقے کھڈیاں خاص میں پیش آیا جہاں چوری کے الزام پر معمر شخص لوگوں کے تشدد سے جاں بحق ہو گیا۔

مرنے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی، جس کی لاش پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پتوکی پولیس کے مطابق ملزم سلیمان اور دیگر نے ڈنڈوں سے وار کر کے نامعلوم معمر شخص کو مار ڈالا۔

پتوکی پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، درخواست کے مطابق کارروائی ہو گی، فی الحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔