جیو پر آج دیکھیں، شاہد خاقان عباسی کا ”جرگہ“ میں اہم انٹرویو، بزنس مین خواجہ مسعود ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ اداکار شان اور کرن بنے ”ہنسنا منع ہے“ کے مہمان

December 04, 2022

کراچی (جنگ نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا خصوصی انٹرویو اتوار کو ”جیونیوز“ کے پروگرام ”جرگہ“ میں نشرکیا جائے گا۔ پاکستان کی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم موضوعات پر شو کے دوران گفتگو ہوگی۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی کی میزبانی میں ”جرگہ“ 10 بجکر5منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ ٭ فیفا ورلڈ کپ فٹ بال بنانے والی فیکٹری کے مالک اور نامور بزنس مین خواجہ مسعود کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہماری فیکٹری کرتی ہے۔ 2014-18 اور 2022 کے ورلڈ کپ میں ہماری فیکٹری کے فٹ بال استعمال ہوئے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کے میزبان سہیل وڑائچ کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے خواجہ مسعود کا مزید کہنا تھا کہ ہم ماہانہ 1.5 ملین فٹ بالز بناتے ہیں اور فٹ بال بنانے میں ہم چین سے بھی آگے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں نے ایک کمرے کی فیکٹری سے کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ پاکستان کے مشہور بزنس مین کی خصوصی گفتگو ناظرین شام 7 بجکر 5 منٹ پر دیکھ سکیں گے۔ ٭پاکستان کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے نامور اداکار، ہدایتکار، ماڈل اور پروڈیوسر شان شاہد اور اداکارہ کرن ”جیونیوز“ کے مزاح سے بھر پور پروگرام ”ہنسنا منع ہے“ کے مہمان بنیں گے۔ دونوں مہمانوں سے اُن کی نجی زندگی، شوبز کی مصروفیات اور آنے والے پروجیکٹس پر دلچسپ گفتگو ہوگی۔ تابش ہاشمی کی میزبانی میں پاکستان کا مقبول ترین شو رات 11 بجکر5منٹ پر نشر ہوگا۔