اداکار ببرک شاہ کے 4 سالہ بیٹےکا انتقال کیسے ہوا؟

December 06, 2022

کولاج بشکریہ انسٹاگرام

گزشتہ روز پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ببرک شاہ کا 4 سالہ بیٹا انتقال کر گیا۔

پشتو فلموں سے اپنا نام بنانے والے اداکار ببرک شاہ نے اپنے بیٹے زاویار کے انتقال کی افسوسناک خبر سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کو دی تھی۔

ببرک شاہ کا اپنے بیٹے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھنا تھا کہ میرا یہ بیٹا میرے تمام بیٹوں میں سب سے اچھا اور ذہین تھا، اللّٰہ اسے ابدی سکون بخشے، میری یادوں میں میرا بیٹا زندہ رہے گا جب تک ہم دوبارہ نہیں ملیں گے۔


دوسری جانب اداکار کے بیٹے کے انتقال سے متعلق متعدد میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ببرک شاہ نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اُن کا چار سالہ بیٹا زاویار پانی کے ٹینک میں ڈوب کر جاں بحق ہوا ہے۔

واضح رہے کہ مداحوں کی جانب سے ببرک شاہ سے اُن کے کمسن بیٹے کی موت پر افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔