ارشد شریف قتل پر عدالتی کمیشن کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھا: وزیرِ اعظم

December 06, 2022

—فائل فوٹو

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر عدالتی کمیشن بنانے کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے جرنلسٹس سیفٹی فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کے واقعے پر کینیا کے صدر سے بات کی تھی، آزادیٔ اظہارِ رائے ہر معاشرے کے لیے اہم ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ صحافیوں کے حقوق کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے، پاکستان نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی بھی کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ صحافیوں کے لیے حکومت، میڈیا اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

کینیا پولیس کے ہاتھوں ارشد شریف کا قتل

واضح رہے کہ کینیا میں موجود صحافی ارشد شریف کو 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

کینیا پولیس کی جانب سے ارشد شریف کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دے کر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران پر مشتمل ٹیم صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے 28 اکتوبر کو کینیا گئی تھی۔

مذکورہ ٹیم ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کینیا سے پاکستان واپس پہنچ چکی ہے۔