شمالی وزیرستان: فورسز کی کامیاب کارروائی

December 07, 2022

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے جھلرا الگاد میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والا ایک 25 سالہ فوجی جوان جام شہادت نوش کر گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اوربے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر محمد نور عرف سراکئی مارا گیا، ہلاک دہشت گردوں کے زیرقبضہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سر دست جب کہ وطن عزیز سیاسی ،معاشی اورمعاشرتی سطح پر مختلف بحرانوں کی زد میں ہے ،30نومبر کو پاکستان کوکالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی)نے رواں برس جون میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کو ختم کرتے ہوئے اپنے عسکریت پسندوں کو ملک بھر میں دہشت گردانہ حملے کرنے کا حکم دے دیا ۔ٹی ٹی پی نے کہا کہ ہم نے مسلسل صبر کا مظاہرہ کیا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ نہ کیا جائے لیکن فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے حملے جاری ہیں اسلئے اب ہمارے جوابی حملے بھی پورے ملک میں شروع ہو جائیں گے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جو جنگ پاکستان کی جری افواج نے اپنی جانوں کے نذرانےدے کر لڑی اور جیتی تاریخ عالم میں اسکی مثال نہیں ملتی کہ اس میں دشمن اپنے ہی گھر میں موجود تھے اور ہیں لیکن انکی ڈوریں کسی اور کے ہاتھ میں ہیں،جس کے ثبوت پاکستان عالمی برادری پر عیاں بھی کر چکا ہے۔دریں حالات دہشت گردوں کی پاکستان کو دھمکی واقعی ایک سنگین معاملہ ہے،جس کا انسداد ناگزیر ہے تاکہ وطن دشمن عناصر پر واضح ہو جائے کہ ہماری بہادر افواج ہر اس میلی آنکھ کو نکال دیں گی جوپاکستان کی جانب اٹھی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998