ملتان کی پچ پنڈی جیسی نہ ہو، ٹیم منیجمنٹ سر جوڑ کر بیٹھ گئی

December 07, 2022

فائل فوٹو

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

پچ کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم منیجمنٹ مصروف عمل نظر آئی جبکہ چیف سلیکٹر محمد وسیم اور ندیم خان بھی منیجمنٹ کے ساتھ موجود تھے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کی نسبت منگل کے روز دھوپ کی شدت میں تیزی تھی۔

گراونڈ اسٹاف چیف کیوریٹر کی نگرانی میں صبح سے ہی پچ کی تیاری میں مصروف نظر آیا جہاں پچ پر بھاری رول کیا گیا اور ساتھ ہلکا رول بھی کیا جاتا رہا۔

دوپہر کے وقت اسٹیڈیم میں ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق، بیٹنگ کوچ محمد یوسف، چیف سلیکٹر محمد وسیم، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان، اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم اور اسسٹنٹ عمر رشید بھی موجود تھے۔

دوسری جانب منگل کو انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملتان کے مشہور گالف کلب میں گالف کھیلی جبکہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہوٹل میں جِم سیشن کیا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور کپتان بابر اعظم بھی پنڈی کی پچ سے ناخوش دکھائی دیے تھے اور کھل کر اس کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ ابتدائی 3 روز رنز کے انبار لگ جانے کی بنا پر خاصی تنقید کی زد میں رہی تھی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ سے ملتان میں شروع ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔